*القاموس الازہر ایڈوانس (اردو۔ عربی*عزیر احمد
نام کتاب: القاموس الازہر ایڈوانس (اردو۔ عربی)
مؤلف: ڈاکٹر زکریا ازہری
ناشر: مکتبہ الفہیم، مؤ ناتھ بھنجن، یوپی
سال اشاعت: مارچ 2014
صفحات: 1168
قیمت: 595
دہلی میں ملنے کا پتہ:الہدیٰ پبلی کیشنز،کوچہ نیل کنٹھ، قاضی واڑہ، دریاگنج، نئی دہلی
مبصر: عزیر احمد
………………………………………………………………………………………………………………………………
ڈکشنری (لُغت) دو زبانوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتی ہیں۔ زبانوں کی تدریس اور سیکھنے کے عمل میں لغت کا رول سب سے اہم ہے۔ اس کے بغیر زبان کے سیکھنے کا عمل ممکن نہیں ہے۔ ایسی بات نہیں ہے کہ لغت کی ضرورت صرف ان لوگوں کو پڑتی ہے جو اس زبان کو سیکھ رہے ہوں ڈکشنریوں کی ضروت زبان کے ماہرین کو بھی ہوتی ہے۔ زندہ زبانوں میں روزانہ نئے نئے الفاظ اور اصطلاحات کا اضافہ ہوتا رہتا ہے اور یہ عمل ہمیشہ جاری رہے گا۔ یہی وجہ ہے کہ آکسفورڈ یونی ورسٹی پریس ’آکسفورڈ لرنر ڈکشنری ‘ کا ہر سال نیا ایڈیشن شائع کرتی ہیں جس میں نئے الفاظ وتعبیرات کا اضافہ شامل ہوا کرتا ہے۔
عربی اور اردو کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔اردو اور عربی دونوں زبانوں میں گہرا ربط ہے۔ عربی، اسلامی علوم وفنون کی زبان ہونے کے کی وجہ سے ایک علمی زبان ہے۔ عربی اقوام متحدہ کی زبانوں میں سے ایک ہے۔ موجودہ عالم کاری کے عہد میں عربی میں روزگار کے ذرائع دنیا کی کسی بھی زبان سے زیادہ ہیں۔ عربی زبان کی اہمیت کے لئے یہی کافی ہے کہ قرآن وحدیث اور اسلامیات کا پورا سرمایہ اسی زبان میں ہے۔ اس وجہ مسلمانوں کے لئے اس زبان سے راہ فرار نہیں۔ جہاں تک اردو کی بات ہے تو یہ برصغیر ہندوپاک میں رابطہ کی زبان ہے۔ اردو،پاکستان کی طرح اگرچہ ہندستان کی قومی زبان نہیں ہے لیکن اپنی مٹھاس اور دلکشیکی وجہ سے کشمیرسے لے کرکنیا کماری تک ہر جگہ بولی اور سمجھی جاتی ہے ۔ خاص طور پر اسلامیات کا جتنا بڑا ذخیرہ اردو میں ہے عربی کے علاوہ کسی اور زبان میں نہیں ہے ۔یہی وجہ ہے کہ اردو کی ابتدا ء سے ہی دونوں زبانوں میں ترجمہ کا عمل جاری و ساری ہے۔
ہم اردو والوں کی بدنصیبی ہے کہہمارے یہاں ہر سال ڈکشنریوں کو revise کرنے کی روایت نہیں ہے۔ مصباح اللغات ، قاموس الجدید، قاموس الاصطلاحی اورالمنجد (مترجم) وغیرہ کو لکھے ایک زمانہ ہوگیا۔ لیکن نہ ان ڈکشنریوں میں نئے زمانے کے حساب سے کوئی اضافہ کیا گیا اور نہ کونی نئی ڈکشنری لکھی گئی۔ جو ڈکشنریاں لکھی گئیں ان میں بھی ایک یا دو کو چھوڑ کر سبھی عربی سے اردو زبان میں ہیں۔ اردو سے عربی ڈکشنریوں میں میرے ناقص علم میں القاموس الجدید اور القاموس الفرید کے علاوہ کوئی مستقل ڈکشنری نہیں لکھی گئی۔ یہی معاملہ اردو سے اردو ، اردو سے انگریزی اور انگریزی سے اردو ڈکشنریوں کا بھی ہے۔ ایک زمانہ گزر گیا لیکن وہ قدیم ڈکشنریاں جو سالوں پہلے لکھی گئی تھیں، کوئی متبادل نہ ہونے کی وجہ سے اب بھی طلبہ انہی سے کو استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ لغت لکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ ڈکشنری لکھنے کا عمل کس قدر پیچیدہ ہے اس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ عام طور پر یہ کام اداروں کی سرپرستی میں ماہرین کی ٹیم انجام دیتی ہے۔ اردو سے عربی یا عربی سے اردو کی کوئی ڈکشنری اب تک ہماری نظر سے نہیں گزری جو ٹیم ورک کا نتیجہ ہو۔ اس وجہ سے ہمارے پیش رو علماء جنہوں نے ڈکشنریاں لکھ کر زبانوں کے سیکھنے کا راستہ آسان کیا ہے وہ ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں۔ لیکن یہ سبھی ڈکشنریاں اب موجودہ زمانے میں طلبہ، اساتذہ اور مترجمین کی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے ناکافی ہیں۔ عربی اور اردو زبان میں ہزاروں ایسے الفاظ وجود میں آگئے ہیں جن کے معانی ان ڈکشنریوں میں نہیں ہیں۔
ایک ایسی لغت کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی جس میں جدید لٹریچر، بینکنگ، میڈیا، انجینرنگ، مینجمنٹ، او ر دیگر علوم کی جدید اصطلاحات و تعبیرات کا احاطہ کیا گیا ہو اور مترجمین کے لئے ایک ایسے ٹول کا کام کرے جہاں انہیں اپنے مطلب کی ساری چیزیں دستیاب ہوں۔ یہ کام مشکل بھی ہے اور صبر آزما بھی۔ ہمارے دوست ڈاکٹر محمد ذکریا ازہری صاحب نے اس چیلنج کو قبول کیا اور ستر ہزار الفاظ کی ایسی جامع ڈکشری تیار کی جومذکورہ صفات کی حامل ہے۔
ڈاکٹر محمد زکریا ازہری نے اس ڈکشنری میں صرف 70,000 اردو الفاظ و اصطلاحات کی عربی تعبیر ہی نہیں پیش کی ہے بلکہ انہوں نے 5,000سے زائد اردو امثال و محاورات ،تعلیمی اسناد سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے عربی مترادفات، 4000سے زائد انگلش سارٹ فارم کا عربی ترجمہ اور مصر وغیرہ میں رائج علاقائی زبان پر مشتمل ضمیموں کو شامل کرکے اس ڈکشنری کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے۔ ڈکشنری کے آخر میں شامل یہ ضمیمے اپنی اہمیت و افادیت کے لحاظ سے کافی اہم ہیں۔
ڈکشنریوں میں عام طور پر ایک ہی لفظ کے رائج دو املا میں سے کسی ایک کو ہی شامل کیا جاتا ہے دوسرے املا کے آگے ’’دیکھیں ……‘‘ لکھ دیا جاتاہے حالانکہ اس جگہ پر اس لفظ کا معنی بھی لکھا جاسکتا ہے۔ ازہری صاحب نے ایسے الفاظ کا عربی متبادل سبھی جگہوں پر دیا ہے۔ اس سے قاری کو سہولت ہوگئی ہے۔ اردو میں رائج انگریزی الفاظ کو بھی شامل کرکے ان کا عربی متبادل دیا گیا ہے۔ ایسی جگہوں پر عام طور پر انگریزی رسم الخط میں بھی اس لفظ کو لکھ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد زکریا ازہری کو عربی اور اردو دونوں زبانوں پر عبور حاصل ہے۔ انہوں نے جامعہ ازہر کے اساتذہ سے عربی زبان وادب کی تعلیم پائی ہے۔ اردو ان کی مادری زبان ہے۔ ان کی یہ مہارت اس ڈکشنری کی ہر سطر سے عیاں ہے۔
ڈکشنری میں شامل ڈاکٹر عبدالماجد، استاد شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ، دکتور جلال سعید الحفناوی استاد برائے اردو ادب، جامعہ قاہرہ و جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ اور دکتور ایمن عبدالحلیم مصطفی احمد ،استاد شعبہ برائے مشرقی زبان کے وقیع مقدموں نے ڈکشنری کی قدر وقیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
خوب صورت ٹائٹل ، بہترین کاغذپر مضبوط اور عمدہ جلد کے ساتھ شائع اس ڈکشنری کی قیمت واجبی ہے جوعام طلبہ بھی آسانی سے خرید سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد زکریا ازہری پوری اردو اور عربی برادری کی طرف سے مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے وہ کام کردکھایا جو پوری ایک ٹیم کا تھا۔ امید کی جاتی ہے اس کتاب کو اساتذہ، طلبہ اور مترجمین میں یکساں مقبولیت حاصل ہوگی۔
٭٭٭
Leave a Reply
5 Comments on "*القاموس الازہر ایڈوانس (اردو۔ عربی*عزیر احمد"
Assalam o Alaikum wa Rahmatullah e wa Barakatoho,
Ezzat M,aab Muhtram Shaikh sahib! I am student of PhD Islamic Studies
in Sargodha University.My topic for PhD thesis is ” PUNJAB MAEN ULOOM
UL QURANWA TAFSEER UL QURAN PER GHAIR MATBOOA URDU MWAD” please guide
me and send me the relavent material.I will pray for your success and
forgiveness in this world and the world hereafter.
Jzakallah o khaira
hopful for your kindness.
your sincerely and Islamic brother,
Rafi ud Din
Basti dewan wali street Zafar bloch old Chiniot road Jhang saddar.
Email adress: drfi@ymail.com mob: 03336750546,03016998303
افسوس ہے کہ میں آپ کی مدد نہیں کرپارہا ہوں، آپ رضا لائبریری یا علی گڑھ کی مولانا آزاد لائبریری سے رابطہ کریں۔ ممکن ہے کہ وہاںسے آپ کو کچھ مل جائے۔جامعہ ملیہ کے اسلامک ڈپارٹمنٹ میں جناب شاہد صاحب نے اردو تفاسیر پر کام کیا ہے۔ ان کی کتاب بیسویں صدی میں اردو تفاسیر موجود ہے۔ آپ ان سے رابطہ کرلیں ۔
[…] *القاموس الازہر ایڈوانس (اردو۔ عربی*عزیر احمد← […]
براہ مہربانی ارسال کردیں