ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خوائش ۔۔۔ کی تدریس

تشریح

نظم طبابائی بشکریہ پنجد:

ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے

بہت نکلے مرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے

غرض یہ ہے کہ جتنے ارمان نکلتے ہیں اس سے زیادہ پیدا ہوجاتے ہیں ، اس سے بہتر یہ ہے کہ پہلے ہی آرزو کو ترک کرے ۔ اس مضمون عالی کی جھلک اس شعر میں دکھائی دیتی ہے اور یہی وجہ خوبی شعر کی ہے ۔

ڈرے کیوں میرا قاتل کیا رہے گا اس کی گردن پر

وہ خوں جو چشم تر سے عمر بھر یوں دمبدم نکلے

یعنی جو خون کہ آنکھوں سے بہا جاتا ہے وہ جسم میں میرے تو رہتا نہیں قاتل کی گردن پر کیا رہے گا ۔

نکلنا خلد سے آدم کا سنتے آئے ہیں لیکن

بہت بے آبرو ہوکر ترے کوچہ سے ہم نکلے

نکلے اس سبب سے کہا کہ یہ کہتے ہوئے شرم آتی ہے کہ نکال دئیے گئے ۔

بھرم کھل جائے ظالم تیری قامت کی درازی کا

اگر اس طرۂ پرپیچ و خم کا پیچ و خم نکلے

یعنی زلف سے قد چھوٹا ہے قد کی درازی جبھی تک حسن دے رہی ہے جب تک زلف نہیں کھلی ہے

اگر لکھوائے کوئی اُس کو خط تو ہم سے لکھوائے

ہوئی صبح اور گھر سے کان پر رکھ کر قلم نکلے

گویا تمام شہر سے اُس سے نامہ و پیام ہے اور انھیں اس بات کی ٹوہ ہے کہ دیکھیں لوگ کیا کیا لکھواتے ہیں ۔

ہوئی اس دور میں منسوب مجھ سے بادہ آشامی

پھر آیا وہ زمانہ جو جہاں میں جام جم نکلے

جام جم کے بہت سے افسانہ بے سر و پا شاعروں میں مشہور ہیں کہ تمام عالم کی اس سیر تھی اور خطوط تھے اور شراب و جام کا موجد سب سے پہلے جمشید ہوا ہے لیکن یہ سب باتیں بالکل غلط ہیں نہ فردوسی نے اس کا ذکر کیا ہے نہ طبری نے اور یہی دونوں کتابیں شاہان فرس کی تاریخ میں سب کا ماخذ ہیں ۔

ہوئی جن سے توقع خستگی کی داد پانے کی

وہ ہم سے بھی زیادہ خستۂ تیغ ستم نکلے

ستم سے فلک کا ستم مراد ہے ۔

محبت میں نہیں ہے فرق جینے اور مرنے کا

اُسی کو دیکھ کر جیتے ہیں جس کافر پہ دم نکلے

یعنی جسے دیکھ کر مرنے لگے اُسی کے دیکھے سے جیتے ہیں اور مرنا اور جینا ایک ہی ہوا ۔

کہاں مے خانہ کا دروازہ غالب اور کہاں واعظ

پر اتنا جانتے ہیں کل وہ جاتا تھا کہ ہم نکلے

یعنی تعجب تو ہم کو بھی ہوتا ہے لیکن اس میں شک نہیں ہے کہ کل جب ہم لوگ پی کر نکلے اور بھیڑ چھٹی تو میدان خالی پاکر وہ بھی مے خانہ میں گیا اور ہم نے اُسے جاتے ہوئے دیکھ لیا حاصل یہ کہ شراب ایسی شئے ہے کہ واعظ بھی چھپ کر پی آتے ہیں ۔

٭٭٭

جگجیت سنگھ کی آواز میں غالب کی غزل، ہزاروں خواہشیں ایسی۔۔

Leave a Reply

Be the First to Comment!

Notify of
avatar
wpDiscuz
Please wait...

Subscribe to our newsletter

Want to be notified when our article is published? Enter your email address and name below to be the first to know.